ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 25 نومبر سے 23 دسمبر تک ہو گا، شروع ہونے کی تیاری مکمل!

پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس 25 نومبر سے 23 دسمبر تک ہو گا، شروع ہونے کی تیاری مکمل!

Sat, 02 Nov 2024 11:10:42  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی، 2/نومبر (ایس او نیوز  /ایجنسی) پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس جلد ہی شروع ہونے والا ہے۔ کچھ میڈیا رپورٹس کے مطابق، یہ اجلاس 25 نومبر سے 23 دسمبر تک جاری رہے گا۔ توقع ہے کہ اس اجلاس کی ایک خاص مشترکہ میٹنگ ’سنویدھان سدن‘ (پرانے پارلیمنٹ ہاؤس) کے مرکزی ہال میں منعقد کی جائے گی، جہاں 1949 میں آئین پیش کیا گیا تھا اور جو 26 جنوری 1950 کو نافذ ہوا۔ یہ اجلاس ملکی امور پر اہم مباحثوں کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرے گا۔

قابل ذکر ہے کہ پہلے 26 نومبر کو قومی یومِ قانون کی شکل میں منایا جاتا تھا، لیکن 2015 میں مودی حکومت نے اسے ’یومِ آئین‘ کی شکل میں منانے کا اعلان کیا، جس میں ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی 125ویں جینتی پر انھیں یاد کیا گیا۔ اب ذرائع کے حوالے سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس میں بتایا جا رہا ہے کہ آئین کی اہمیت کو نشان زد کرنے کے لیے وسیع منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ اس کے تحت ڈاکیومنٹری بنانا، دستور ساز اسمبلی کے مباحث کا تقریباً 2 درجن زبانوں میں ترجمہ کرنا اور پبلک ریلیوں کا انعقاد شامل ہے۔

غور کرنے والی بات یہ ہے کہ این ڈی اے اور انڈیا اتحاد دونوں ہی خود کو آئین کا محافظ اور مرید کی شکل میں پیش کرتے رہے ہیں۔ کانگریس کی قیادت والے انڈیا بلاک نے تو بی جے پی کی قیادت والے اتحاد پر آئین اور آئینی اقدار کو تباہ کرنے کا سنگین الزام عائد کیا ہے۔ لوک سبھا انتخابات اور پھر اس کے بعد مختلف ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں کانگریس لیڈران نے خاص طور سے آئین کی کتاب لہراتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اس میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں۔ خصوصاً راہل گاندھی اکثر انتخابی ریلیوں میں آئین کی کتاب عوام کو دکھا کر اس کی حفاظت کا عزم ظاہر کرتے رہے ہیں۔


Share: